احمد آباد۔ 28 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر کپل سبل نے آج عشرت جہاں کے مبینہ فرضی انکاؤنٹر کا مسئلہ چھیڑتے ہوئے نریندر مودی کو نشانہ بنایا اور کہا کہ بی جے پی کے وزارت عظمیٰ امیدوار اور امیت شاہ کو ’’بچایا ‘‘ جارہا ہے حالانکہ اُن کی گرفتاری کیلئے ’’ٹھوس‘‘ ثبوت موجود ہے۔ کپل نے یہاں اخباری نمائندوں کو بتایا ، ’’ میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ کون ہے جو مودی اور شاہ کو بچا رہا ہے ، جبکہ ہم جیسے وکلاء کے مطابق عشرت جہاں اور تین دیگر کے فرضی انکاؤنٹر کے کیس میں اُن کی گرفتاری کیلئے ٹھوس ثبوت موجود ہے ‘‘۔ کپل کی جانب سے سخت گیر لفظی حملہ گجرات کے واحد مرحلے کے چناؤ کیلئے 30 اپریل کی پولنگ کے ضمن میں انتخابی مہم کے آج آخری روز سامنے آْا ہے ۔ مودی کے ترقی ماڈل پر تنقید میں کانگریس سربراہ سونیا گاندھی ، نائب صدر پارٹی راہول گاندھی اور دیگر قائدین کے ساتھ شامل ہوتے ہوئے کپل نے کہا کہ ملک میں اب اور کئی نمونوں کی بات ہورہی ہے لیکن یہ تو گجرات کا انکاؤنٹر ماڈل ہے ۔ ’’ٹھوس ثبوت‘‘ کے تعلق سے وضاحت کرتے ہوئے کپل نے کہا کہ ملزم پولیس آفیسرس ڈی جی ونزارا اور اُس وقت کے مملکتی وزیر برائے داخلہ امیت شاہ کے درمیان بات چیت کے کال ریکارڈس موجود ہیں جو 15 جون 2004 کو پیش آئے انکاؤنٹرس سے قبل اور انکاؤنٹر کے موقع پر ریکارڈ ہوئے ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ پولیس عہدیداروں کے بیانات ضابطہ فوجداری کے سیکشن 164 کے تحت قلمبند ہیںجن میں مودی اور شاہ پر انگلی اٹھائی گئی ۔