عشرت فرضی انکاونٹر ‘ نریندر امین کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

نئی دہلی 11 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ نے عشرت جہاں فرضی انکاونٹر مقدمہ میں ملزم پولیس عہدیدار این کے امین کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے ۔ سی بی آئی نے سہراب الدین شیخ فرضی انکاونٹر میں عہدیدار کو منظورہ ضمانت کی تنسیخ پر آج زور نہیں دیا ۔ نریندر امین نے کہا کہ سی بی آئی اس مقدمہ میں اندرون 90 دن چارچ شیٹ پیش کرنے میں ناکام ہوگئی ہے اس لئے اسے ضمانت فراہم کی جانی چاہئے ۔ عدالت نے فریقین کی سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ۔

بردوان دھماکہ ‘ دوسرے شخص کی شناخت تبدیل
نئی دہلی 11 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بردوان میں 2 اکٹوبر کو ہوئے دھماکہ میں دوسرے شخص کی شناخت بدل گئی ہے ۔ این آئی نے کہا کہ دوسرا شخص عبدالکریم تھا ۔ مغربی بنگال پولیس نے قبل ازیں اسے سبھان مونڈل قرار دیا تھا ۔ این آئی اے کی تحقیقات میں یہ پتہ چلا کہ کریم بربھوم ضلع میں کافر پور کا رہنے والا تھا اور وہ اس وقت ہلاک ہوگیا جب بردوان میں ایک گھر میں دھماکہ ہوا تھا ۔ این آئی نے کہا کہ تمام ضروری معائنے کرنے کے بعد دوسرے شخص کی شناخت کا اعلان کیا گیا ہے ۔ شبہ کیا جارہا ہے کہ دونوں مہلوکین کے جماعت المجاہدین بنگلہ دیش نامی تنظیم سے تعلقات تھے ۔