نریندر مودی کے ساتھی امیت شاہ پر کوئی الزام نہیں،عدالت میں سی بی آئی کی ضمنی چارج شیٹ
احمد آباد 6 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آ:ی نے عشرت جہاں فرضی انکاونٹر میں قتل کیس کے سلسلہ میں انٹلی جنس بیوریو کے سابق خصوصی ڈائرکٹر راجندر کمار اور دیگر 3 کو ملزم قرار دیا ہے۔ نریندر مودی کے قریبی ساتھی امیت شاہ کو اس کیس کے سلسلہ میں کوئی الزام عائد نہیں کیا جو شروع سے سی بی آئی کی تحقیقات کے دائرے میں تھے۔ عشرت جہاں کی فرضی انکاونٹر میں ہلاکت کے تقریبا ایک دہے بعد سی بی آ:ی نے ایڈیشنل چیف جوڈیشنل مجسٹریٹ ایچ ایس کٹواڑ کی عدالت میں ضمنی چارج شیٹ داخل کی ہے۔
راجندر کمار کا نام خاطیوں میں شمار کیا گیا ہے جو انکاونٹر کے وقت گجرات میں انٹلی جنس بیورو کے جوائنٹ ڈائرکٹر کی حیثیت سے تعینات تھے۔ ان پر مجرمانہ سازش (قتل 302 کے 120B کے علاوہ تعزیرات ہند کی دیگر دفعات کے تحت الزام عائد کیا گیا ہے۔ عشرت جہاں کی سنسنی خیز انکاونٹر ہلاکت کے دوران امیت شاہ گجرات کے مملکتی وزیر داخلہ تھے۔ عشرت جہاں ممبئی کے قریب واقع سہرا سے تعلق رکھتی تھی جون 2004 میں مبینہ لشکر طیبہ رکن ہونے کے شبہ میں اس کے دوست جاوی شیخ کے ہمراہ گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا۔ امیت شاہ ایک اور کیس سہراب الدین فرضی انکاونٹر میں ملزم ہیں۔ راجندر کمار کے ساتھ چارج شیٹ میں جن دیگر عہدیداروں کے نام دیئے گئے ہیں ان میں برسر خدمت عہدیدار بھی ہیں۔