عشرت جہاں کیس : ونجارا ، امین کی برأت پر منگل کو فیصلہ

احمدآباد۔ 4 اگست (سیاست ڈاٹ کام) گجرات کے مبینہ عشرت جہاں فرضی انکاؤنٹر کیس کی سماعت کرنے والی سی بی آئی کی ایک خصوصی عدالت دو سرکردہ پولیس افسران ڈی جی ونجارا اور نریندر کمار امین کے خلاف مقدمہ خارج کرنے کی درخواستوں پر 7 گست کو اپنے فیصلے کا اعلان کرے گی۔ سی بی آئی خصوصی عدالت کے جج جے کے پانڈیا نے کہا کہ فیصلہ کا اعلان آج مقرر تھا تاہم اب منگل کو اس کے اعلان کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس مقدمہ کے ملزم اور ریٹائرڈ پولیس افسران کی بحث کی سماعت گزشتہ ماہ مکمل ہوچکی تھی۔ عشرت جہاں کی ماں شمیمہ کوثر اور سی بی آئی نے ونجارا کی درخواست ِ برأت کو چیلنج کیا تھا۔ گجرات کے سابق ڈی آئی جی ونجارا نے ریاست کے سابق انچارج ڈی جی پی پی پی پانڈے سے مساوت کی بنیاد پر اپنی درخواست ِ برأت داخل کی تھی۔