عشرت جہاں مقدمہ، سابق مرکزی معتمد داخلہ جی کے پلے سے تفتیش کا امکان

نئی دہلی ۔ 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سابق مرکزی معتمد داخلہ جی کے پلے سے ایک رکنی تحقیقاتی کمیٹی جو عشرت جہاں فرضی مقدمہ کی تحقیقات کررہی ہے، اس سے متعلق لاپتہ فائلوں کے بارے میں جرح کرسکتی ہے۔ یہ کمیٹی تمام عہدیداروں جو چاہے برسرخدمت ہوں یا سبکدوش، عشرت جہاں مقدمہ سے متعلق گمشدہ فائلس کے بارے میں تفتیش کرسکتی ہے۔ مرکزی وزارت داخلہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جی کے پلے مرکزی معتمد داخلہ تھے، جن کی تحویل میں گجرات ہائیکورٹ نے 2009ء کے عشرت جہاں مقدمہ کی فائلس دی تھی جو لاپتہ ہوگئیں۔ تحقیقات کمیشن کے ایڈیشنل سکریٹری برائے وزارت داخلہ بی کے پرساد کو وزارت داخلہ نے حکم دیا ہیکہ یہ پتہ چلا ہیکہ عشرت جہاں مقدمہ کے بعض کاغذات لاپتہ ہیں۔ اس سلسلہ میں تحقیقاتی کمیٹی کو اختیار دیا جاتا ہیکہ وہ ان حالات کے بارے میں تمام سرکاری عہدیداروں سے جو برسرخدمت ہوں یا سبکدوش ہوچکے ہوں ، جرح اور تفتیش کرنے کا اختیار رکھتی ہے۔ لاپتہ دستاویزات اٹارنی جنرل کے پیش کردہ دو حلف نامے ہیں جو اس نے گجرات کی عدالت میں داخل کئے تھے۔