عشرت جہاں فرضی انکاؤنٹر سی بی آئی مودی اور امیت شاہ کو گرفتار کرنا چاہتی تھی

گجرات کے سابق ڈی آئی جی ونزارا کا خصوصی عدالت میں بیان
احمدآباد۔ 6 جون (سیاست ڈاٹ کام) گجرات کے سابق ڈی آئی جی پولیس ڈی جی ونزارا نے منگل کو خصوصی عدالت میں کہا کہ سی بی آئی، گجرات کے اس وقت کے چیف منسٹر نریندر مودی اور اس وقت کے وزیر داخلہ امیت شاہ کو عشرت جہاں کے فرضی انکاؤنٹر کیس میں گرفتار کرنا چاہتی تھی، تاہم اب دونوں مودی اور شاہ کو سی بی آئی چاہتے ہوئے بھی گرفتار نہیں کرسکتی کیونکہ مودی وزیراعظم ہیں اور امیت شاہ صدر بی جے پی۔ ونزارا جو اس وقت ضمانت پر باہر ہیں، کہا کہ اس وقت کے وزیراعلیٰ مودی نے تحقیقاتی افسر سے خفیہ معاملت کی تھی جسے انہوں نے اس کورٹ میں داخل کیا تھا۔ اس خفیہ معاملت کی بناء پر سی بی آئی نے امیت شاہ کو کلین چٹ دی تھی اور کہا تھا کہ ناکافی ثبوتوں کی بناء پر انہیں کلین چٹ دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ جون 2004ء میں 19 سالہ عشرت جہاں کو اس کے دوست جاوید عرف پرنیش، پاکستانی شہری ذیشان جوہر اور امجد علی رعنا کو احمدآباد کے باہر ونزارا کے آدمیوں نے گولی مار کر قتل کردیا تھا اور کہا تھا کہ انکاؤنٹر میں وہ لوگ مارے گئے ۔ کورٹ کی آئندہ سماعت 15 جون کو مقرر ہے۔