عشرت جہاں انکاونٹر : این کے امین کا سرگرم رول

احمدآباد ۔ 7 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی نے جو 2004ء عشرت جہاں فرضی انکاونٹر مقدمہ کی تحقیقات کررہی ہے، آج خصوصی عدالت کو بتایا کہ ملزم آئی پی ایس عہدیدار این کے امین نے دیگر معاون ملزمین ڈی جی ونزارا اور پی پی پانڈے کے مقابلہ زیادہ سرگرم رول ادا کیا ہے۔ این کے امین کی درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے پبلک پراسیکیوٹر ایل ڈی تیواری نے خصوصی سی بی آئی عدالت کے جج کے آر اپادھیائے کو بتایا کہ انکاونٹر میں این کے امین کا دیگر دو معاون ملزم آئی پی ایس عہدیداروں سے زیادہ سرگرم رول تھا۔ اس وقت این کے امین واحد پولیس آفیسر ہیں جو اس مقدمہ کے سلسلہ میں جیل میں ہے اور انہوں نے 16 فبروری کو ضمانت کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا ہیکہ دیگر ملزمین کے مقابلے ان کے ساتھ امتیازی رویہ اختیار کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ ابتر صحت کی بنیاد پر ضمانت منظور کرنے کی انہوں نے خواہش کی۔ پانڈے اور ونزارا کی خصوصی سی بی آئی عدالت نے 5 فروری کو ضمانت منظور کی تھی۔