احمد آباد ۔ 25 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) خصوصی عدالت نے گجرات کے معطل آئی پی ایس عہدیدات ڈی جی ونزارا کی درخواست پر اپنا فیصلہ محفوظ رکھا۔ انہوں نے 2004 ء عشرت جہاں انکاؤنٹر مقدمہ میں سی بی آئی کی دائر کردہ اضافی چارج شیٹ کی ایک نقل فراہم کرنے کی خواہش کی تھی ۔ ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ ایچ ایس کھٹواڑ نے سی بی آئی عدالت میں سماعت کے بعد اپنا فیصلہ محفوظ رکھا۔ ونزارا کے وکیل وی ڈی گجر نے کہا کہ چارج شیٹ پیش کرنے کے 20 دن بعد بھی عدالت میں اسے شامل ریکارڈ نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقررہ ضابطہ کے تحت مجسٹریٹ کی یہ ذمہ داری ہے کہ چارج شیٹ کی نقل ملزم کو فراہم کرے لیکن مجسٹریٹ کو چارج شیٹ اب تک نہیں ملی اس لئے اس کی نقل ہمیں 20 دن بعد بھی نہیں دی جاسکتی ۔
آر ٹی آئی ایکٹ کی حکومت کی جانب سے تشہیر
نئی دہلی ۔ 25 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت کی جانب سے ایک مہم شروع کی گئی ہے تاکہ قانون حق معلومات (آر ٹی آئی ایکٹ) کو ریڈیو اور سینما ہالوں میں مختصر معلوماتی پروگراموں کے ذریعہ فروغ دیا جاسکے ۔ اس ضمن میں 105 ریڈیو چینلس سے رابطہ قائم کیاگیا ہے ، نیز سینما ہالس کیلئے تشہیری فلمیں بھی بنائی گئی ہے ۔ ڈپارٹمنٹ آف پرسونلس اینڈ ٹریننگ سے وابستہ ایک عہدیدار نے کہا کہ اس مہم کے ذریعہ عوام کو واقف کرایا جارہا ہے کہ وہ آر ٹی آئی ایکٹ کا مختلف شعبوں میں کس طرح مفید استعمال کرسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بیداری پیدا کرنے والی فلموں کی نمائش کیلئے 429 سینما ہالس منتخب کئے گئے۔