عسکریت پسندوں کے ساتھ انکاؤنٹر میں پولیس آفیسر ہلاک

سرینگر۔/7جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) عسکریت پسندوں کے ساتھ سوپور ٹاؤن میں ہوئے ایک انکاؤنٹر میں ایک پولیس آفیسر ہلاک اور دیگر تین پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ دریں اثناء پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس اور فوج نے سوپور کے چنکھن علاقہ میں ایک مشترکہ کارروائی انجام دی کیونکہ انہیں عسکریت پسندوں کی وہاں موجودگی کی خفیہ اطلاع ملی تھی۔ سیکوریٹی فورسیس نے جیسے ہی عسکریت پسندوں کے ٹھکانے کی جانب آگے بڑھنا شروع کیا، عسکریت پسندوں نے وہاں سے بے تحاشہ گولیاں چلانا شروع کردی جس میں چار پولیس اہلکار جائے وقوع پر ہی شدید طور پر زخمی ہوگئے۔ فوری طور پر پورے علاقہ کی ناکہ بندی کردی گئی اور سیکوریٹی فورس کی زائد تعداد کو طلب کیا گیا تاکہ عسکریت پسند فرار نہ ہوجائیں۔ تمام زخمیوں کو آرمیز 92بیس ہاسپٹل لیجایا گیا جہاں اسسٹنٹ سب انسپکٹر کفیل احمد زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔ جبکہ دیگر زخمیوں کی کانسٹبل منظور احمد، ذاکر احمد اور عرفان احمد کی حیثیت سے شناخت عمل میں آئی ہے۔

دہلی میں ایر ٹریفک معمول پر، ٹرین خدمات متاثر
نئی دہلی۔/7جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) دارالخلافہ میں شدید کہر کی وجہ سے پروازوں میں دو روز تک تاخیر کے بعد آئی جی آئی پرحالات آج کچھ معمول پرنظر آئے۔ البتہ ایر پورٹ کی عمارت ہنوز ہلکے کہر کی چادر میں لپٹی ہوئی نظر آرہی ہے اور حد بصارت میں بھی کمی واقع ہوئی جو طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف کے لئے لازمی قرار دی جاتی ہے۔ یاد رہے کہ شدید کہر کی وجہ سے جملہ 463 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ 52پروازوں کا رُخ دوسری جانب موڑ دیا گیا جبکہ منسوخ ہوئی پروازوں کی تعداد 140تھی۔ محکمہ ریلویز سے ملنے والی اطلاع کے مطابق شدید کہر کی وجہ سے ریلویز خدمات ہنوز متاثر ہیں جہاں کم و بیش دہلی آنے والی 47 ٹرینوں کی رفتار کو کم کردیا گیا۔ ملک بھر سے تمام راجدھانی ٹرینس بشمول بنگلور، بلاسپور، بھوبنیشور، ہوڑہ، گوہاٹی، سیالدہ اور پٹنہ تین تا چار گھنٹے تاخیر سے چل رہی ہیں جبکہ چند پریمیر ٹرینس جیسے چینائی ڈورنٹو اور سیالدہ ڈورنٹو بھی تاخیر سے چلائی جارہی ہیں۔