جئے پور29 اگست (سیاست ڈاٹ کام )راجستھان کے انسداد دہش گردی اسکواڈ نے 15 دہشت گردوں کی امکانی در اندازی اور ان کے حملوں کے پیش نظر سخت چوکسی کا اعلان کردیا ہے۔سراغ رساں محکموں کی اطلاعات کے بموجب اے ٹی ایس نے جئے پور اور جودھ پور کے پولیس کمشنرس اور ڈپٹی کمشنرس اور دیگر تمام اضلاع کے پولیس سپرنٹنڈنٹس بشمول جی آر پی کو 15 عسکریت پسندوں کی امکانی در اندازی کی اطلاع فراہم کردی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ دہشت گرد دھماکو مادوں کی جیکیٹوں کو بنانے کے ماہر ہیں۔ گاڑیوں میں ترقی یافتہ دھماکو آلات نصب کرنے اور ان کے ذریعہ اہم اہداف و تنصیبات کو جو ملک کے مختلف علاقوں میں واقع ہے دھماکہ سے اڑادینے کے بھی ماہر ہے ۔ سراغ رساں محکموں کی اطلاع کے بموجب اسے یہ اطلاعات مرکزی محکمہ سے ملی ہیں کہ 15 دہشت گرد ہندوستان میں در اندازی کرسکتے ہیں ۔ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ وہ کس علاقہ میں سرحد پار کریں گے چنانچہ اے ڈی جی الوک ترپاٹھی نے کہا کہ تمام اضلاع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کو سخت چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہے ۔ پولیس عہدیدار ہمیشہ چوکس رہیں گے اور مناسب صیانتی اقدامات کو خطرے کے پیش نظر یقینی بنائیں گے ۔