سرینگر 11 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) عسکریت پسندوں نے آج جنوبی کشمیر میں ایک سی آر پی ایف پارٹی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجہ میں اس کے دو اہلکار ہلاک ہوگئے ۔ یہ حملہ جموں ۔ سرینگر شاہراہ پر کیا گیا ۔ عسکریت پسند سی آر پی ایف اہلکاروں کے ہتھیاروں کے ساتھ فرار ہوگئے ۔ پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ سنگم علاقہ میں ہت مولا علاقہ میں آج دو پہر پیش آیا جب سی آر پی ایف کی ایک پارٹی سڑک کی صفائی کے کام پر تھی ۔ کہا گیا ہے کہ ایک موٹر سیکل پر عسکریت پسند وہاں پہونچے اور انہوں نے سب انسپکٹر اومکار سنگھ اور کانسٹیبل تلک راج کو برسر موقع ہلاک کردیا ۔ عسکریت پسند ان کے ہتھیار لے کر فرار ہوگئے ۔ تاہم ایک انساس رائفل کو انہوں نے قریبی سنگم برج میں پھینک دیا جبکہ ایک اے کے 47 رائفل اور اسلحہ وہ اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔ چیف منسٹر جموں و کشمیر مفتی محمد سعید نے سی آر پی ایف عملہ پر حملہ کی مذمت کی ہے ۔