حیدرآباد۔/8اپریل، ( سیاست نیوز) سی پی آئی نے حلقہ اسمبلی مہیشورم کیلئے سینئر قائد سابق ایم پی مسٹر سید عزیز پاشاہ کو امیدوار نامزد کیا ہے۔ مسٹر وی ایس بوس سکریٹری سی پی آئی حیدرآباد نے بتایا کہ سید عزیز پاشاہ کل 9 اپریل کو 12بجے ایم آر او مہیشورم میں ریٹرننگ آفیسر کے پاس پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ مسٹر سید عزیز پاشاہ کا ایک جلوس لینن نگر چوراہا ( بالا پور چوراستہ ) سے ٹھیک دس بجے صبح نکالا جائے گا اور جلوس کی شکل میں مسٹر سید عزیز پاشاہ ایم آر او آفس پہونچیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر سید عزیز پاشاہ کو کانگریس کی تائید حاصل رہے گی جس کے نتیجہ میں حلقہ مہیشورم میں ان کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ کانگریس نے سی پی آئی کے ساتھ نشستوں کی تقسیم پر مفاہمت کرکے حلقہ اسمبلی مہیشورم سی پی آئی کیلئے چھوڑ دیا ہے۔ جس کے بعد سی پی آئی نے عزیز پاشاہ کو مہیشورم سے امیدوار بنانے کا اعلان کیا ہے۔