عزیزپور فساد پر سیاست کرنے سے گریز کریں

مظفرپور 21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر بہار جتن رام مانجھی نے آج ضلع مظفر پور میں فساد سے متاثرہ موضع عزیز پور کا دورہ کیا اور عوام پر زور دیا کہ وہ اس فساد پر سیاست کرنے سے گریز کریں۔ سماج میں امن و فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی برقراری ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ میں عوام الناس سے گذارش کرتا ہوں کہ وہ اس فساد پر سیاسی کھیل کرنے سے گریز کریں۔ میں امن و بھائی چارہ کی اپیل کرتا ہوں اور مہلوکین کے ارکان خاندان سے ہمدردی رکھتا ہوں۔ مانجھی نے بی جے پی پر تنقید کی جس نے اس فساد کے تعلق سے کئی سوال کھڑے کئے ہیں اور کہا ہے کہ عزیز پور میں پولیس کی لاپرواہی سے یہ فساد ہوا ہے۔ کابینہ کے سینئر لیڈر اور سابق ڈپٹی چیف منسٹر سشیل کمار مودی نے بھی کل فساد زدہ علاقہ کا دورہ کیا تھا اور متاثرین کے ارکان خاندان سے ملاقات کی تھی۔ مانجھی نے کہاکہ ساحل دیوی نے دوسرے طبقہ کے 10 ارکان کو بچانے کے لئے جرأت مندانہ کام انجام دیا تھا۔ اُنھوں نے اپنی جھونپڑی میں ان لوگوں کو پناہ دی تھی۔ چیف منسٹر نے کہاکہ اس خاندان نے کئی افراد کی جانیں بچاکر قابل قدر اور جذبۂ انسانی کا کام انجام دیا ہے۔ ان کا یہ حوصلہ رانی لکشمی بائی جھانسی کی طرح ہے۔ چیف منسٹر نے دیوی کو 51 ہزار روپئے کا چیک حوالے کیا۔