عزت و ناموس کے لیے لڑکی کا قتل

مظفر نگر 2 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ضلع مظفر نگر کے بروڈا گاؤں میں ایک لڑکی کو اس کے والد اور دیگر افراد خاندان نے عزت و ناموس کیلئے ہلاک کردیا ۔ وہ اس لڑکی کے دوسرے فرقہ کے لڑکے کے ساتھ تعلقات کے خلاف تھے ۔ پولیس انسپکٹر آنند مصرا نے بتایا کہ یہ لڑکی سال نو کے موقع پر اپنے عاشق سے ملاقات کیلئے گئی تھی ۔ جس پر بحث و تکرار کے بعد افراد خاندان نے لڑکی کا قتل کردیا اور اس کی نعش کو دفن کردیا گیا ۔ پولیس نے کل نعش کو برآمد کرلیا اور خاندان کے 4 افراد بشمول والد حسن کیخلاف کیس درج کرلیا ۔ جب کہ نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے روانہ کردیا گیا ۔ پولیس نے بتایا کہ 2 ملزمین کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ دیگر 2 افراد مفرور ہیں ۔ یہ لڑکی دوسرے فرقہ کے نوجوان سے تعلقات قائم کئے ہوئے تھی اور شادی کرلینے کا فیصلہ کرلیا تھا ۔ لیکن اس کے افراد خاندان اس شادی کیخلاف تھے۔ گاؤں میں کشیدگی پھیل جانے پر پولیس کی جمعیت کو طلب کرلیا گیا ہے۔

بنگلہ دیش کو اونٹوں کی اسمگلنگ ناکام
32 اونٹ ضبط، دو افراد گرفتار
کشن گنج ( بہار ) ۔ 2 ۔ جنوری : (سیاست ڈاٹ کام ) : پولیس نے آج ضلع کشن گنج میں ایک مقام سے 32 اونٹ ضبط کرتے ہوئے 2 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ شبہ ہے کہ یہ اونٹ بنگلہ دیش کو اسمگل کیے جانے والے تھے ۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ راجیو رنجن نے بتایا کہ تقریبا 32 اونٹ 2 لاریوں میں چڑھائے گئے تھے اور مغربی بنگال میں اسلام پور کے راستہ بنگلہ دیش لے جارہے تھے ۔ اس سلسلہ میں 2 افراد ہری کشن ( ایٹواہ ) شان محمد ( کانپور ) کو گرفتار کرلیا گیا ۔ ضلع ایس پی نے مزید بتایا کہ یہ اونٹ علاقہ گوالیار مدھیہ پردیش سے ایک مخصوص ٹولی نے لائے تھے جو کہ بنگلہ دیش کو جانوروں کی اسمگلنگ میں مہارت رکھتی ہے ۔ بہار کے مختلف مقامات پر مویشیوں کے میلہ کے نام پر لائے جاتے ہیں اور پھر سرحد پار روانہ کردیا جاتا ہے ۔۔