مظفر نگر۔/6مئی، ( سیاست ڈاٹ کام) عزت نفس کیلئے ہوئے ایک اور قتل میں ایک 19سالہ لڑکی کو اس کے ارکان خاندان نے ہلاک کردیا جبکہ متوفیہ کے بوائے فرینڈ نے خودکشی کرلی۔ یہ واقعہ بڈھانا ٹاؤن میں پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ متوفیہ21سالہ ایک نوجوان مبارک حسن کی محبت میں گرفتار تھی جو خود بھی بڈھانہ کا ہی ساکن تھا، لیکن لڑکی کے ارکان خاندان دونوں کی شادی کیلئے راضی نہیں تھے جس کے بعد لڑکی کی اپنے والدین اور بھائیوں کے ساتھ بحث و تکرار ہوئی ۔
اسی دوران اس کے بھائیوں نے اپنی بہن کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا اور بعد ازاں اس کی نعش کو چھت کے پنکھے سے لٹکا دیا۔ ایس پی ( رورل ) الوک پریا درشنی نے اخباری نمائندوں کو یہ بات بتائی۔ دوسری طرف متوفیہ کے بوائے فرینڈ کی نعش بھی ایک درخت سے لٹکی ہوئی پائی گئی۔ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کے بعد لڑکی کا گھا گھونٹنے اور لڑکے کی خودکشی کے ذریعہ موت کی توثیق ہوگئی۔