عرس شریف حضرات یوسفینؒ کا آغاز

مکہ مسجد سے جلوس صندل ، چیرمین وقف بورڈ محمد سلیم کی راست نگرانی میں بورڈ سے انتظامات
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اگست (سیاست نیوز) درگاہ حضرات یوسفینؒ کی تین روزہ عرس تقاریب کا آج صبح رسم چھاپہ سے آغاز عمل میں آیا ۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے درگاہ شریف میں صندل کے چھاپہ کی رسم انجام دی ۔ اس طرح سہ روزہ عرس تقاریب کا آغاز ہوا۔ ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین ، چیف اگزیکیٹیو آفیسر منان فاروقی اور علمائے اکرام کی موجودگی میں یہ رسم انجام دی گئی جس کے بعد درگاہ شریف پر پرچم لہرایا گیا ۔ صدرنشین وقف بورڈ نے فقراء میں نذرانہ پیش کیا۔ عرس تقاریب کے آغاز کے ساتھ ہی ہزاروں کی تعداد میں عقیدتمند حاضری کیلئے پہنچ رہے ہیں۔ شام میں بعد نماز عصر تاریخی مکہ مسجد سے جلوس صندل کا آغاز ہوا۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کچھ دور تک صندل کو اپنے سر پر رکھا اور اسے وقف بورڈ عہدیداروں کے حوالے کر دیا ۔ صندل مالی کی رسم علماء و مشائخین کی نگرانی میں انجام دی گئی ۔ واضح رہے کہ وقف بورڈ نے درگاہ کے انتظامات اپنی راست نگرانی میں حاصل کرلئے ہیں اور بورڈ کی جانب سے عرس کے انتظامات کئے گئے۔ عرس تقاریب 30 اگست تک جاری رہیں گے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد سلیم نے کہا کہ زائرین کی سہولت کیلئے بہتر انتظامات کئے گئے ہیں اور وقف بورڈ کے عہدیدار 24 گھنٹے نگرانی کریں گے ۔ انہوں نے سابق متولیوں کا نام لئے بغیر انتباہ دیا کہ اگر کوئی بھی بدنظمی یا گڑبڑ پیدا کرنے کی کوشش کرے گا تو اس کے خلاف نہ صرف فوجداری مقدمہ درج ہوگا بلکہ 15 دن کیلئے جیل بھیج دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ فی الوقت درگاہ کیلئے کوئی بھی متولی نہیں ہے اور وقف بورڈ تمام انتظامات کر رہا ہے ۔ محمد سلیم نے کہا کہ درگاہ کا احترام ہر کسی کی ذمہ داری ہے اور شرپسند افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مراسم عرس کے سلسلہ میں وقف بورڈ کی جانب سے پاسیس جاری کئے گئے ہیں۔ غیر مجاز افراد کو داخلہ کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ تین دن تک زائرین کیلئے تمام تر سہولتیں وقف بورڈ کی جانب سے فراہم ہوں گی ، اس کے علاوہ بعض معتقدین نے اپنے طور پر کچھ انتظامات کئے ہیں ۔ محمد سلیم نے کہا کہ ملک کے مختلف گوشوں سے زائرین عرس تقاریب میں شریک ہوتے ہیں۔ انہوں نے بعض گوشوں کی جانب سے پھیلائی جانے والی ان اطلاعات کو بے بنیاد قرار دیا کہ بورڈ بہتر انتظامات میں ناکام ہوچکا ہے ۔ اس طرح کے پروپگنڈہ کے ذریعہ بورڈ کو بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے موبائیل ٹائلیٹس کا انتظام کیا گیا ہے ، اس کے علاوہ درگاہ کے اطراف و اکناف علاقہ میں صحت و صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے عقیدتمندوں سے اپیل کی کہ وہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور تلنگانہ ریاست کی ترقی کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔