وصولی کا ثبوت پیش کرنے پر وقف بورڈ رکنیت سے مستعفی ہونے وحید احمد کا اعلان
حیدرآباد /30 اگست ( سیاست نیوز ) رکن وقف بورڈ وحید احمد ایڈوکیٹ نے عرس حضرات یوسفینؒ کا دعوت نامہ وصول ہونے کی تردید کی ۔ اکنالجمنٹ پیش کرنے پر وقف بورڈ کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا چیلنج کیا بصورت دیگر ایم اے منان فاروقی کو چیف ایگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ کے عہدے سے دستبردار ہوجانے کا مطالبہ کیا ۔ وحید احمد نے بتایا کہ وہ وقف بورڈ کے ایک ذمہ دار رکن اور شہر حیدراباد سے تعلق رکھتے ہیں لیکن انہیں عرس حضرات یوسفین کا دعوت نامہ نہیں دیا گیا ۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر کا بیان حقائق سے بعید ہے جس میں کوئی سچائی نہیں ہے ۔وحید احمد نے بتایا کہ انہوں نے وقف بورڈ پہونچکر چیف ایگزیکیٹیو آفیسر سے دعوت نامہ طلب کیا تب بھی انہیں نہیں دیا گیا ۔ جبکہ دوسرے اراکین کو چیف اگزیکیٹیو آفیسر نے ان کے گھروں تک پہونچ کر دعوت نامہ پیش کیا ہے ۔ اس کے علاوہ مختلف کارپوریشنس اور بورڈ کے صدور نشین کو بھی دعوت نامہ نہیں دیا گیا ۔ ایک منتخب رکن کی چیف اگزیکیٹیو آفیسر توہین کر رہے ہیں ۔ جس کا وہ وقف بورڈ کے آئندہ اجلاس میں سخت نوٹ لیں گے اور ساتھ ہی صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم سے بھی خواہش کرتے ہیں کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور وقف بورڈ کے رکن کے ساتھ ہونے والے سوتیلا سلوک پر چیف ایکزیکیٹیو آفیسر سے وضاحت طلب کریں ۔