قاہرہ : مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ہونے والے عرب پارلیمنٹ کے اجلاس میں اسرائیلی ریاست کی طرف سے فلسطینی قوم پر ڈھائے جانے والے مظالم کی شدیدالفاظ میں مذمت کی گئی ہے ۔عرب پارلیمنٹ نے عرب ممالک کی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی قوم کے عزم استقلال اوران کی تحریک آزادی کے لئے ممکن مدد کریں ۔عرب پارلیمنٹ نے اسرائیل کے اس فیصلہ کو فلسطینی قوم کے حقوق پر ایک نیا حملہ قرار دیا ہے ۔
عرب پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اسرائیل کو یہودیوں کا وطن قرار دینے کے قانون کومسترد کردیا او رکہا کہ عرب ممالک کی حکومتیں بھی اس قانون کے خلاف آواز بلند کریں ۔عرب پارلیمنٹ کا اجلاس کویت کی درخواست پر ہنگامی طور پر بلایا گیا تھا ۔اجلاس میں بطور میزبان مصری اسپیکر علی عبد العال نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیل پارلیمنٹ میں یہودی ریاست کو یہودیوں کو قومی وطن قرار دینے کے قانون کی ایک زمانی اہمیت ہے ۔یہ قانون ایک ایسے وقت میں منظور کیا گیا ہے جب غزہ پٹی میں انسانی بحران کی کیفیت ہے اوراسرائیلی فوج فلسطینیوں کا وحشیانہ قتل عام جاری رکھے ہوئے ہے ۔
اس ہنگامی اجلاس میں اسرائیل کو یہودیوں کا قومی ملک قرار دینے کے قانون ، امریکی سفارت خانہ کی بیت المقدس منتقلی اوراسرائیل کے دیگر جرائم کے اثرات او رمضمرات کا جائزہ لیا گیا ۔