واشنگٹن ۔3 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے خلیج فارس کے مختلف ممالک کے قائدین سے الگ الگ بات چیت کرتے ہوئے قطر اور اس کے چند عرب پڑوسی ممالک کے درمیان جاری اختلافات پر تبادلۂ خیال کیا۔ وہائیٹ ہاؤز نے کہاکہ ٹرمپ نے عرب ممالک اور قائدین کے مابین اتحاد کی برقراری پر زور دیا ۔ اس کے ساتھ دہشت گردی کو فنڈس کی فراہمی روکنے اور انتہاء پسند نظریہ کو مسترد کرنے کی اہمیت کا اعادہ کیا ۔ ٹرمپ نے گزشتہ شب سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے ولیعھد محمد بن زاید النھیان ، قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے بات چیت کی ۔ وہائیٹ ہاؤز نے کہاکہ ٹرمپ نے دہشت گردی کو شکست دینے اور علاقائی استحکام کو فروغ دینے کیلئے ریاض چوٹی کانفرنس کے مقاصد کے حصول کیلئے علاقائی ممالک کے مابین اتحاد کو کلیدی اہمیت حاصل ہے ۔ اس علاقہ کے بعض عرب ممالک نے قطر پر مسلم انتہاء پسندی کی تائید و مدد کے علاوہ چند دوسرے الزامات بھی عائد کئے ہیں۔ جنھیں اُس(قطر) نے مسترد کردیا ہے ۔