نئی دہلی 17 جون (سیاست ڈاٹ کام) عراق میں پھنسے ہندوستانی شہریوں کے تحفظ کے بارے میں بڑھتی تشویش کے دوران حکومت نے آج یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہاں کی صورتحال پر ہر گھنٹہ نظر رکھی جائے اور عراقی حکام کے ساتھ تعاون یقینی بنایا جائے۔ وزیر اُمور خارجہ سشما سوراج عراق کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی ہوئی ہیں اور تمام امکانات کا جائزہ لینے کے مقصد سے کرائسیس مینجمنٹ اجلاس بھی منعقد کیا گیا۔ اِس اجلاس میں ہندوستانی شہریوں کو ممکنہ مدد فراہم کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
وزارت اُمور خارجہ میں سکریٹری (مشرقی اُمور) انیل وادھوا نے عراقی سفیر احمد تحسین احمد برواری سے ملاقات کی اور دونوں نے بنیادی سطح پر تعاون کے امکانات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ وزارت اُمور خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ عراق کے حالات ہمارے ایجنڈہ میں سرفہرست ہیں۔ اِس کے علاوہ وزیر اُمور خارجہ سشما سوراج خود باقاعدہ وقفہ وقفہ سے صورتحال کا جائزہ لے رہی ہیں۔ اُن کی ہدایت کے مطابق بغداد میں ہندوستانی سفارت خانہ کی جانب سے تازہ اطلاعات فراہم کی جارہی ہیں اور ہم متاثرہ علاقوں میں ہندوستانی شہریوں سے رابطہ کے بارے میں بھی معلومات حاصل کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت صورتحال کا ہر گھنٹہ جائزہ لے رہی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بغداد میں ہندوستانی مشن حکومت عراق اور اقوام متحدہ اسسٹنس مشن کے ساتھ ربط قائم کئے ہوئے ہے تاکہ اِس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ملک کے تشدد سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے تمام ہندوستانیوں کا تحفظ ہوسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ تقریباً 46 نرسیس تکریت میں پھنسی ہوئی ہیں۔ اِن کے علاوہ موصل میں تقریباً 40 ہندوستانی شہری موجود ہیں۔