عراق میں مہلوکین کے اہل خانہ کو فی کس 5 لاکھ کا امداد

مرنے والوں کے افراد خاندان کو عنقریب دیگر سہولیات مہیا کرانے کی تجویز
پٹنہ۔ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بہار حکومت ،عراق کے شہر موصل میں مارے گئے ریاست کے لوگوں کے اہل خانہ کو پانچ پانچ لاکھ روپے امداد دے گی۔ وزیر اعلی نتیش کمار نے مرنے والوں کے اہل خانہ کو پانچ لاکھ روپے امدادی گرانٹ کے طور پر مہیا کرانے کی ہدایت محکمہ داخلہ کو دی ہے ۔ انہوں نے چیف سکریٹری کو ریاست کے تمام مرنے والوں کے اہل خانہ کو دیگر امداد دینے کے سلسلے میں جلد ایک تجویز تیار کر کے سونپنے کی ہدایت بھی دی ہے ۔قابل ذکر ہے کہ ریاست کے لیبر محکمہ کی طرف سے مرنے والوں کے اہل خانہ کو ایک، ایک لاکھ روپے امدادی گرانٹ کے طور پر دستیاب کرایا جا چکا ہے ۔اس سے قبل وزیر اعلی نے پیر کی ہوائی اڈے پر موصل میں ہلاک بہار سے تعلق رکھنے والے 6 کے منجملہ 5 افراد کے نعشوں کی باقیات پٹنہ پہنچنے پر پھولوں کا گلدستہ پیش کر کے خراج عقیدت پیش کیا۔ نعشوں کی باقیات لے کر مرکزی وزیر مملکت وی کے سنگھ خصوصی طیارے سے پٹنہ پہنچے تھے ۔