عراق میں دو ہندوستانی نرسیس کا تخلیہ

نئی دہلی ۔ 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے دو نرسیس کا عراق میں جاری لڑائی کے علاقہ سے تخلیہ کرادیا جبکہ 46 دیگر نرسیس تکریت میں واقع ہاسپٹل میں پھنسی ہوئی ہیں۔ اب تک مجموعی طور پر 36 افراد کو بچایا گیا ہے۔ دوسری طرف خلیجی ممالک کے تمام ہندوستانی سفیروں کو 29 جون کو نئی دہلی طلب کیا گیا ہے تاکہ عراق کے مسائل اور دیگر علاقائی پیچیدگیوں پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔ وزارت امورخارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ 2 نرسیس اس مقام پر موجود تھیں جہاں لڑائی جارہی ہے۔ یہ تکریت میں موجود 46 نرسیس کے علاوہ تھیں۔

ان دونوں کو یہاں سے محفوظ مقام منتقل کردیا گیا ہے اور اب وہ کربلا میں موجود ہیں۔ ترجمان نے مخصوص طور پر اس مقام کا نام نہیں بتایا جہاں سے ان دونوں کا تخلیہ کرایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی واپسی کیلئے پروگرام ترتیب دیا جارہا ہے اور وزارت امورخارجہ کے ذریعہ انہیں ٹکٹس فراہم کئے جائیں گے۔ اس سے پہلے 34 ہندوستانی شہریوں کا تخلیہ کرایا گیا تھا جبکہ 39 شہری اب بھی تحویل میں ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مختلف ذرائع سے ان پھنسے ہوئے شہریوں کے بارے میں معلومات حاصل کی جارہی ہیں اور اب تک کی اطلاع کے مطابق وہ محفوظ ہیں۔