بغداد ۔ 5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عراقی شہر تکریت میں خودکش بمباروں کے تباہ کن حملے میںکم سے کم 31 ہلاک اور دیگر 42 زخمی ہوگئے۔ ایک پولیس لیفٹننٹ کرنل نے کہا کہ یہ حملہ اس وقت شروع ہوا جب تین عسکریت پسندوں نے سطی تکریت میں گذشتہ رات اندھادھند فائرنگ کردی۔ بعدازاں انہوں نے مقامی ا فراد کے گھروں میں خود کو دھماکہ سے اڑا لیا۔ کسی بھی گروپ نے فوری طور پر اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی لیکن اسلامک اسٹیٹ (داعش) کے دہشت گرد بالعموم عراقی شہریوں اور سیکوریٹی فورسیس کو نشانہ بناتے ہوئے ایسے حملے کیا کرتے ہیں۔ داعش نے 2014ء کے موسم گرما میں گھمسان لڑائی کے بعد تکریت کے ایک بڑے حصہ پر قبضہ کرلیا تھا لیکن عراقی فورسیس نے گذشتہ سال داعش کی بری طرح پسپائی کے بعد اپنا کنٹرول بحال کرلیا تھا۔ عراقی فورسیس اب مغربی موصل پر اپنا قبضہ بحال کرنے کی لڑائی میں مصروف ہیں۔ موصل اب عراق میں داعش کے آخری ٹھکانے کے طور پر باقی رہ گیا ہے جہاں اس جہادی تنظیم کو فوج سے سخت لڑائی کا سامنا ہے۔