عراق معاملہ سے توجہ ہٹانے کانگریس کیخلاف الزامات

مودی حکومت نے میڈیا کو دھوکے سے پھانس لیا، راہول کا ردعمل
نئی دہلی ، 22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے حکومت کے خلاف کاٹ دار حملہ چھیڑتے ہوئے آج کہا کہ اس نے کانگریس کی جانب سے ڈیٹا چوری کے بارے میں کہانی گڑھ لی ہے تاکہ عراق میں 39 ہندوستانیوں کی موت سے توجہ ہٹائی جاسکے۔ صدر کانگریس نے حکومت پر میڈیا کو دھوکے سے پھانسنے کا الزام بھی عائد کیا۔ راہول نے ٹوئٹر پر کہا: ’’مسئلہ: 39 ہندوستانیوں کی موت ہوگئی؛ حکومت چاروں خانے چت، دروغ گوئی پکڑی گئی۔ حل: کانگریس اور ڈیٹا (نجی معلومات) کی چوری کے بارے میں کچھ کہانی گڑھی جائے۔ نتیجہ: میڈیا نٹ ورکس دھوکہ کھاتے ہیں؛ مہلوک ہندوستانیوں سے توجہ ہٹ جاتی ہے۔ مسئلہ حل ہوگیا۔‘‘ کانگریس دعویٰ کرتی آئی ہے کہ حکومت شہ سرخیوں میں بدلاؤ کی چال چلتی آرہی ہے تاکہ ملک کی توجہ مختلف مسائل سے ہٹادی جائے، جیسے کروڑہا روپئے کا پی این بی اسکام، ایس سی؍ ایس ٹی پر مظالم کے انسداد سے متعلق قانون کی دفعات میں نرمی پیدا کردینا ۔ عراق میں قتل ہندوستانیوں کی فیملیاں سوالات اُٹھا رہے ہیں، اس سے بھی توجہ ہٹادینے کی کوشش ہورہی ہے۔ کانگریس کمیونکیشنس اِنچارج رندیپ سرجے والا نے کہا کہ حکومت نے 39 ہندوستانیوں کے خاندانوں سے اُن کے عزیزوں کے زندہ رہنے سے متعلق جھوٹ بولا حالانکہ ثبوت سے اشارہ مل گیا تھا کہ وہ سب کئی سال قبل ہلاک کئے جاچکے۔