نیویارک۔ 2 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ نے بتایا ہے کہ مارچ کے مہینے میں عراق میں رونما ہونے والے پرتشدد واقعات میں 1100سے زائد انسان مارے گئے۔ فروری میں 670 افراد ہلاک اور 1300کے قریب زخمی ہوئے تھے۔ اس طرح رواں برس کے تیسرے مہینے میں ہلاکتوں میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق مارچ کے مہینے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 1500سے زائد رہی۔ اس مہینے میں ہونے والی گیارہ سو سے زائد ہلاکتوں میں 575 عام شہری شامل تھے جبکہ بارہ سو کے قریب عام شہری زخمی ہوئے۔ سب سے زیادہ یعنی 259 ہلاکتیں دارالحکومت بغداد میں ہوئیں۔
انڈونیشیاء میں روسی سیاح کو مگرمچھ نے ہلاک کردیا
جکارتہ ۔ 2 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) مشرقی انڈونیشیاء کے سیاحی مقام پر روسی سیاح کو مگرمچھ نے موت کی نیند سلادیا ۔ سرجائی لیکوف کی نعش منگل کو مغربی پاپوا کے راجہ امپٹ جزیرہ میں برآمد ہوئی ۔ اس سے چار دن قبل وہ لاپتہ ہوگیا تھا ۔ مقامی سطح پر تلاش کے بعد حکام نے روسی سیاح کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ درج کرائی تھی ۔ حکام نے بتایا کہ روسی سیاح کو مگرمچھ نے جزیرہ میں تیراکی کے مقام پر نشانہ بنایا ۔ اُس کی نعش پر زخموں کے نشانات اور جسم کے کئی حصے لاپتہ تھے ۔ 37 سالہ سرجائی لیکوف عام طورپر اپنے دوستوں اور گائیڈ کے ساتھ سمندر میں جایا کرتا تھا لیکن اُس دن صبح اُس نے تنہا یہاں جانے کا فیصلہ کیا اور پھر واپس نہیں لوٹا ۔ بعد ازاں اُس کی نعش دوردراز مقام پر دستیاب ہوئی جہاں نوکیلی چٹانیں پائی جاتی ہیں اور سمندر کی تیز لہروں نے بھی اُس کی نعش کو کافی نقصان پہنچایا تھا ۔