نئی دہلی ۔ 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) عراق کے جنگ سے متاثرہ علاقہ سے تقریباً 600 ہندوستانی شہریوں کا ہندوستانی وزارت خارجہ نے تخلیہ کرادیا ہے اور مزید 900 شہریوں کو بھی محفوظ مقام منتقل کیا جائے گا۔ ہندوستانی سفارتخانہ واقع بغداد ان 46 نرسیس سے بھی ربط رکھے ہوئے ہے جو تکریت میں پھنسی ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ وہ محفوظ ہیں اور انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچایا گیا۔ وزارت امورخارجہ کے ترجمان کے مطابق سہولت فراہم کرنے کا عمل اب تیز ہوگیا ہے۔ ہم نے تقریباً 530 شہریوں کو ٹکٹس فراہم کئے ہیں اور ان کی نشستیں کمرشیل فلائیٹس میں بک کرائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ مزید 850 افراد کے دستاویزات کی تیاری کا کام بھی جاری ہے۔ تکریت کے ہاسپٹل میں پھنسی ہوئی نرسیس کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ وہ محفوظ ہیں اور کوئی گزند نہیں پہنچائی گئی ہے۔