نئی دہلی ۔ 16 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جنگ سے متاثرہ عراق سے مزید 175 ہندوستانی شہری کل واپس ہورہے ہیں، اس طرح اب تک واپس ہونے والوں کی تعداد 3000 ہوجائے گی ۔ وزارت امور خارجہ کے ترجمان نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ خصوصی طیارہ عراق سے واپس ہورہا ہے اور اس میں تقریباً 175 ہندوستانی شہری سوار ہیں جو نجف سے یہاں پہنچ رہے ہیں، توقع ہے کہ کل صبح یہ طیارہ دہلی پہنچ جائے گا۔ ان ہندوستانی شہریوں کی واپسی کے ساتھ یہاں آنے والوں کی تعداد 2500 متجاوز ہوجائے گی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ہندوستانی شہریوں کو واپس لانے کیلئے تقریباً 2500 ٹکٹ پہلے ہی استعمال ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ ہندوستانی ورکرس کیلئے عاجرین کی جانب سے مزید ایک ہزار ٹکٹس کی سہولت مشن نے فراہم کی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ تقریباً 50 ہندوستانی شہری اب بھی جنگ زدہ علاقہ میں پھنسے ہوئے ہیں۔
مظفر نگر فسادات: پانچ ملزمین کی درخواست مسترد
مظفر نگر ۔ 16 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام)مظفر نگر فسادات میں تین نوجوانوں کے قتل میں ملوث پانچ افراد کی درخواست ضمانت کو یہاں کی ایک عدالت نے مسترد کردیا ۔ ڈسٹرکٹ و سیشنس جج وجئے لکشمی نے راجندر ، سرن ، ہرہر، اروند کمار اور ساہین سیرپال نامی ملزمین کی درخواست ضمانت کو یہ کہہ کر مسترد کردیا کہ اس معاملہ میں ضمانت منظور کئے جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں موضع حسین پور میں تین نوجوانوں کا قتل کردیا گیا تھا ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ایک بار پھر ضروری ہے کہ گزشتہ سال کے فرقہ وارانہ فسادات میں زائد از 60 افراد ہلاک جبکہ ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے تھے جن میں سے بیشتر آج بھی پناہ گزین کیمپوں میں زندگی گزار رہے ہیں۔