عراق سے مزید 201 ہندوستانی وطن واپس

نئی دہلی۔ 6؍جولائی (سیاست ڈاٹ کام)۔ عراق کے گڑبڑ زدہ علاقہ نجف سے آج مزید 200 ہندوستانی شہری وطن واپس ہوئے۔ عراقی ایرویز کے خصوصی چارٹرڈ طیارہ سے انھیں یہاں لایا گیا۔ عراقی ایرویز طیارہ نمبر 18445 آج صبح 4 بجکر 30 منٹ کو نئی دہلی ایرپورٹ پر 201 ہندوستانیوں کو لے کر اُترا۔ مزید مسافروں کو عراق سے ہندوستان واپس لائے جانے کی توقع ہے۔ آئندہ دو دنوں میں خصوصی طیاروں اور ایر انڈیا کے طیارہ کے ذریعہ ہندوستانی شہریوں کو لانے کی مساعی جاری ہے، تاہم عراق سے مزید کوئی چارٹرڈ طیارہ کے آنے کی اُمید نہیں ہے۔ عراق میں طیارہ جسے وزارت خارجہ نے کرایہ پر حاصل کیا تھا، عراق واپس روانہ ہوا۔ کل 46 ہندوستانی نرسوں کو ہندوستان واپس لایا گیا جنھیں عراق میں مملکت اسلامیہ تنظیم کے ارکان نے یرغمال بنالیا تھا، ہندوستان واپس لایا گیا ہے۔

خصوصی ایر انڈیا طیارہ سے یہ نرسس براہ ممبئی، کوچی پہنچ گئی تھیں۔ اس طیارہ میں جنگ زدہ ملک سے دیگر 137 افراد کو بھی لایا گیا۔ ان میں 70 شہریوں کو عراق کے شمالی حصہ میں واقع کرکک سے لایا گیا۔ آئندہ دو دنوں میں تقریباً 600 ہندوستانی شہریوں کو وطن واپس لائے جانے کی توقع ہے۔ وزارت خارجہ کے ذرائع نے یہ بات بتائی۔ اس دوران متحدہ عرب امارات کے ایک سرکردہ تاجر نے 46 ہندوستانی نرسوں کو اپنے دواخانوں میں ملازمت کی پیشکش کی ہے۔ یہ نرسس عراق میں پھنس گئی تھیں جنھیں کل ہی ہندوستان لایا گیا۔ این ایم سی ہیلت کیر گروپ کے سی ای او ڈاکٹر بی آر شیٹی نے یہ پیشکش کی ہے کہ عراق کی متاثرہ نرسوں کو وہ روزگار فراہم کریں گے۔ متحدہ عرب امارات میں انھیں ملازمت دی جائے گی۔ این ایم سی کے ایک عہدیدار نے کہا کہ 46 نرسوں کو دبئی کے دواخانوں میں روزگار سے منسلک کردیا جائے گا۔

یہ نرسس عراق میں تشدد بھڑک اُٹھنے کے بعد روزگار سے محروم ہوگئی ہیں۔ ڈاکٹر بی آر شیٹی کی ملکیت والے کئی دواخانے ہندوستان، مصر اور متحدہ عرب امارات میں قائم ہیں۔ انھوں نے چیف منسٹر کیرالا اومن چنڈی کو اپنی پیشکش سے واقف کروایا ہے۔ عراق میں گڑبڑ شروع ہونے کے بعد زائد از ایک ماہ سے ان نرسوں کی قسمت مسائل کا شکار ہوئی تھی۔ اب یہ نرسس وطن واپس ہوئی ہیں تو انھیں روزگار کی فراہمی کی سخت ضرورت ہے۔ 46 نرسوں کے منجملہ 45 نرسوں کا تعلق کیرالا کے مختلف اضلاع سے ہے اور ایک نرس ٹامل ناڈو میں ٹیوٹی کرن کی رہنے والی ہے۔ القاعدہ کی محاذی تنظیم اسلامی مملکت نے عراق اور شام میں خلافت کا اعلان کردیا ہے اور وہ بغداد پر قبضہ کرنے کی پیشرفت کررہی ہے۔