عراق سے آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے 117 افراد واپس

نئی دہلی۔ 8؍جولائی (پی ٹی آئی)۔ آندھرا پردیش اور تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے 117 افراد کا ایک بیاچ عراق سے براہِ دہلی حیدرآباد پہنچا۔ حکومت آندھرا پردیش کی طرف سے دہلی میں جاری کردہ ایک بیان کے مطابق 50 افراد پیر کی شب عراق سے دہلی پہنچے تھے جنھیں اے پی بھون میں ٹھہرایا گیا تھا۔ 67 افراد پر مشتمل دوسرا بیاچ جن کا تعلق وشاکھاپٹنم، وجئے واڑہ، سریکاکلم، وجیانگرم، مشرقی گوداوری، مغربی گوداوری، اننت پور، ورنگل، عادل آباد، نظام آباد، کریم نگر، حیدرآباد اور محبوب نگر اضلاع سے تھا، آج صبح کی اولین ساعتوں میں دہلی پہنچے۔ عراق میں پھنسے ہوئے ان 117 افراد کی دہلی آمد کے بعد چار طیاروں کے ذریعہ حیدرآباد اور وشاکھاپٹنم کو بھیج دیا گیا۔ آندھرا پردیش اور تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے 84 تعمیراتی مزدوروں کا ایک بیاچ گزشتہ روز عراق سے دہلی واپس ہوا تھا جس کو ذریعہ طیارہ حیدرآباد بھیجا گیا۔