بغداد ۔ 29 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) بغداد کی ایک مارکٹ میں گذشتہ روز کئے گئے بم دھماکوں میں ہلاکتوں کی تعداد 73 ہوگئی ہے۔ پولیس نے اور ہیلتھ عہدیداروں نے بتایا کہ شدید طور پر زخمی ہوئے۔ متعدد افراد گذشتہ رات علاج کے دوران زخموں سے جانبر نہ ہوسکے جبکہ 112 افراد ہنوز ہاسپٹل میں زیرعلاج ہیں۔ صدر سٹی کی مریدی مارکٹ میں اتوار کے روز ہوئے دھماکوں کے بعد پیدا ہوئی افراتفری میں کم و بیش پانچ افراد لاپتہ بتائے گئے ہیں۔ مارکٹ میں بم دھماکہ کے بعد وہاں موجود ہجوم کے درمیان بھی ایک شخص نے خود کو دھماکہ سے اڑا لیا۔ بہرحال ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد کی تین میڈیکل افسران نے توثیق کی۔ انہوں نے اپنی شناخت مخفی رکھے جانے کی شرط پر یہ بات بتائی کیونکہ انہیں ذرائع ابلاغ سے بات کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ عراق کے شمالی اور مغربی علاقوں پر قابض دولت اسلامیہ نے ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔