عراق :بیرونی سفارتخانوں کے حفاظتی انتظامات میں شدت

واشنگٹن؍ سڈنی۔ 16 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے بغداد میں اپنے سفارت خانہ کو ہدایت دی ہے کہ عسکریت پسندوں کی پیشرفت کے پیش نظر سفارت خانہ اپنے ارکانِ عملہ اور سفارت خانہ کے حفاظتی انتظامات میں اضافہ کردے۔ پینٹگان کے پریس سیکریٹری ریئر ایڈمیرل جان کربی نے کل کہا کہ محکمہ خارجہ کی درخواست پر امریکی فوج سفارت خانہ کے عملے اور عمارت کی حفاظت پر تعینات کردی گئی ہے۔ سڈنی سے موصولہ اطلاع کے بموجب آسٹریلیا نے امریکہ کی جانب سے اپنے سفارت خانہ کو ہدایت جاری کرنے کے بعد جنگ زدہ عراق میں سفارت خانہ کے ارکانِ عملہ کا تخلیہ کروا دیا ہے۔ محکمہ خارجہ و تجارت کے بیان کے بموجب آسٹریلیائی سفارت خانہ کم تعداد میں ارکان عملہ کے ساتھ کُھلا رہے گا، تاہم سفارت خانہ کے حفاظتی انتظامات میں شدت پیدا کردی گئی ہے۔ ارکان عملہ کی موجودہ تعداد کا انکشاف نہیں کیا گیا۔ آسٹریلیا کی وزیر خارجہ جولی بشپ نے کہا کہ ضروری تعداد میں ارکان عملہ بغداد میں آسٹریلیائی سفارت خانہ میں موجود رہیں گے اور ضروری کام کاج انجام دیں گے۔