عراق اور شام میں پندرہ آسٹریلیائی جنگجو ہلاک

کینبرا۔ 27 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کی خفیہ سروس کے سربراہ ڈیوڈ اِروائن نے کہا ہے کہ عراق اور شام میں اب تک مختلف جہادی گروپوں میں شامل ہونے والے 15 آسٹریلیائی شہری مارے جا چکے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے کہا کہ ان آسٹریلیائی باشندوں میں دو ایسے نوجوان خود کش حملہ آور بھی شامل ہیں، جو جہادیوں کے ساتھ مل کر کارروائیاں کرتے ہوئے ہلاک ہو گئے۔ آسٹریلیائی انٹیلیجنس کے سربراہ نے خبردار کیا کہ بیرونی دنیا کی جانب سے آسٹریلیا کی جاسوسی کے خطرات بہت بڑھ چکے ہیں۔ کینبرا حکومت کو اس بات پر تشویش ہے کہ آسٹریلیا کے تقریباً 60 شہری اسلامک اسٹیٹ جیسی سمندر پار جہادی تنظیموں میں شامل ہو چکے ہیں۔