ماسکو، 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) روس نے عراق اور شام میں ترکی فوج کے فضائی حملوں کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اسے بین الحکومتی تعلقات کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ روسی وزارت خارجہ نے آج ایک بیان جاری کرکے اس کی اطلاع دی۔بیان کے مطابق روس نے اس واقعہ کے سلسلے میں سب سے تحمل سے کام لینے کی اپیل کی ہے ۔ترکی کے جنگی طیاروں نے چہارشنبہ کو شمالی عراق میں کرد دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کئے جس میں چھ دہشت گرد مارے گئے ۔ترکی فوج کے بیان کے مطابق منگل کو فوج کی ایک مہم کے تحت عراق کے سنجار اور شام کے شمالی حصے میں 70 دہشت گردوں کو مار گرایا گیا۔