عراقی نامزد وزیراعظم جلد کابینہ تشکیل دیں : جان کیری

کینبرا ۔ 12 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے سنی شدت پسندوں کے خلاف عراق کی حمایت کا عزم ظاہر کرتے ہوئے نامزد عراقی وزیراعظم حیدر العابدی سے کہا کہ وہ جلد از جلد نئی کابینہ تشکیل دیں۔ امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق آج یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عراق میں ملک کی شیعہ، سنی، کرد اور دیگر اقلیتوں کی شمولیت سے نئی حکومت کے قیام کا مقصد تاحال پورا نہیں ہوا۔ نئی عراقی قیادت کیلئے بہت مشکل چیلنجز ہیں۔ اسے تمام (لوگوں) کی شمولیت کے ساتھ اپنی طرز حکمرانی سے عراق کے عوام کا اعتماد بحال کرنا ہے۔ لیکن انھیں اپنا عزم کے لیے اقدامات کا عملی نمونہ بھی پیش کرنا ہو گا اور ہم اس عمل میں عراق کے عوام سے کھڑے رہیں گے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ عراق میں امریکی لڑاکا فورسز واپس نہیں آئیں گی۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا

کہ لڑائی کے شکار اس ملک کے لوگوں کو عراق کیلئے اس (لڑائی) کو خود لڑنے کی ضرورت ہے۔ ہم یہاں دراصل عراق کی حمایت کے راہ تلاش کر رہے ہیں، ان کی فورسز کی حمایت چاہے وہ تربیت کے ذریعے ہو یا سازوسامان کی فراہمی سے ہو یا کسی بھی ایسے طریقہ سے جس سے انھیں (عراقی فورسز) اپنی قوم کیلئے اپنے دونوں پیروں پر کھڑنے میں مدد مل سکے۔ ادھر امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے حیدر العبادی کی نامزدگی کو ایک اچھی خبر قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ عراق کی حکومت بننے کے بعد اس کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہے۔ واضح رہے کہ نئے عراقی صدر فواد معصوم نے پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر حیدر العابدی کو وزیراعظم نامزد کیا تھا لیکن تیسری مدت کیلئے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نوری المالکی کی طرف سے اس کی شدید مخالفت کی گئی۔ العابدی نے 30 روز میں نئی حکومت تشکیل دینی ہے۔ انھوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ ان کا ملک بالآخر اسلامک اسٹیٹ کی عسکریت پسندی کو ختم کر سکے گا۔