کابل۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) دولت اسلامیہ نے آج یہ دعویٰ کیا کہ کابل میں واقع عراقی سفارتخانہ پر حملہ کیلئے یہی گروپ ذمہ دار ہے جہاں متعدد دھماکوں اور فائرنگ کی آواز سے یہاں کا علاقہ گونجنے لگا۔ دریں اثناء ایک سیکوریٹی ذریعہ نے بتایا کہ ایک خودکش حملہ آور نے عراقی سفارتخانے کی عمارت کے باہر خود کو دھماکہ سے اڑا لیا جبکہ اس علاقہ میں اب تک تشدد جاری ہے لہٰذا آس پاس کے علاقوں سے لوگوں کا تخلیہ کروایا گیا ہے۔ ایک عہدیدار نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر یہ بات بتائی۔ اب تک ہلاکتوں کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔ جہادی گروپ کی پروپگنڈہ ایجنسی عمق نے مزید تفصیلات فراہم کئے بغیر صرف اتنا بتایا کہ کابل میں عراقی سفارتخانہ کی عمارت کے باہر دولت اسلامیہ کے دو جنگجوؤں نے حملہ کیا اور یکے بعد دیگرے چار دھماکے ہوئے جبکہ فائرنگ اور دستی بموں کی آواز سے بھی علاقہ گونج اٹھا۔ وہاں موجود دوکانداروں نے فوری اپنی دوکانات بند کرلیں اور محفوظ مقامات کی طرف دوڑنے لگے ۔سیکوریٹی فورسیس نے اب تک سڑک کی ناکہ بندی کر رکھی ہے۔ یاد رہیکہ کابل کے شمال مغربی علاقہ میں عراقی سفارتخانہ واقع ہے جہاں اطراف و اکناف میں بڑی بڑی ہوٹلیں، بینکس، سوپر مارکٹس اور پولیس کے دفاتر بھی واقع ہیں۔ یاد رہیکہ صرف ایک ہفتہ قبل ہی کابل میں صبح کے اوقات میں ایک کار بم دھماکہ کا واقعہ بھی پیش آیا تھا جس میں 26 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔