کیندراپاڑہ (اڈیشہ) ۔ 23 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اڈیشہ کے ایک گاؤں کے رہنے والے بیروزگار نوجوان کیلئے کسی بیرون ملک میں جیل کی صعوبتیں جھیلنا کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہیں ۔ بیرون ملک روزگار کے متلاشی نوجوان نے انجانے طور پر عراق کے ایمیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کی تھی جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ اس نے اپنے آپ کو جیل میں پا یا ۔ تعمیری مزدور سرابن ساہو کا تعلق موضع مان پاڑہ سے ہے ۔ وہ تیل کی دولت سے مالا مال عراق کیلئے روزگار ویزا کی بجائے ٹورسٹ ویزا پر گیا تھا لیکن ایسا کرنا اسے مہنگا پڑگیا کیونکہ عراق کی ایک عدالت نے غیر قانونی طور پر قیام پذیر ہونے کیلئے چھ ماہ کی سزائے قید سنائی ۔ کیندرا پاڑہ کے ڈسٹرکٹ کلکٹر پرمود کمار نے یہ بات بتائی ۔ چونکہ سرابن ساہو کی مشکلات کا ازالہ کرنے والا کوئی نہیں تھا ۔ لہذا جیل میں بھی اب تک وہ اپنی مقررہ سزا سے دو ماہ زائد کاٹ چکا ہے ۔ ایم پی بیجنت پانڈا نے اس معاملہ میں دلچسپی لیتے ہوئے وزارت خارجہ سے رجوع کیا جہاں ساہو کے بارے میں پتہ چلا کہ وہ عراق کی ہلاا جیل میں ہے جو بغداد سے قریب ہے ۔ اس طرح وزارت خارجہ کی مداخلت سے اب ساہو کی رہائی کے امکانات واضح ہوگئے ہیں ۔ یاد رہے کہ وزیر خارجہ سشما سوراج نے گزشتہ کچھ عرصہ میں کئی لوگوں کو جن میں مچھیر ے بھی شامل ہیں، کی رہائی کیلئے کامیاب کوششیں کی تھیں۔
تین مطلوبہ ماؤسٹ گرفتار
رائے پور ۔ 23 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) چھتیس گڑھ میں ماؤسٹوں کے گڑھ سکما ڈسٹرکٹ میں سکیوریٹی فورسس نے تین مشتبہ ماؤسٹوں کو گرفتار کرلیا ۔ سی آر پی ایف نے ان کی گرفتاری کے لئے ایک خصوصی آپریشن انجام دیا تھا جن کی ہنڈرام ، دیورام اور بھیما رام کی حیثیت سے شناخت عمل میں آئی ۔ سی آر پی ایف نے مزید پوچھ گچھ کیلئے تینوں ماؤسٹوں کو مقامی پولیس کے حوالے کردیا۔