عدنان کفیل درویش ’بھارت بھوشن اگروال ‘ایوارڈکے لئے نامزد

نئی دہلی ۔ یکم اگسٹ ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش کے نوجوان شاعر عدنان کفیل درویش کو موجودہ شاعری میں اپنی پہچان بنانے کیلئے اس سال بھارت بھوشن اگروال ایوارڈ دیئے جانے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ درویش کو یہ ایوارڈ ان کی نظم ’قبلہ‘ کیلئے دیا گیا ہے جو گزشتہ سال کولکتہ کے ’واگرتھ میگزین ‘میں شائع ہوئی تھی۔معروف مصنف اشوک واجپئی، ارون کمل، اودے پرکاش ، پرشوتم اگروال اور انامکا کی جیوری ہر سال ایک سال میں شائع بہترین شاعری کو یہ ایوارڈ دیتی ہے ۔ اس مرتبہ ایوارڈ کے چیف جیوری پرشوتم گروال تھے ۔سال 1979 ء میں قائم یہ باوقار ایوارڈ عظیم شاعر بھارت بھوشن اگروال کی یاد میں ہر سال دیا جاتا ہے ۔

سپریم کورٹ کا ’فنے خان‘ کی ریلیز پر روک لگانے سے انکار
نئی دہلی۔ یکم اگسٹ ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ نے انیل کپور اور ایشوریہ رائے کی بالی ووڈ فلم ’’فنے خاں‘‘ کی ریلیز پر روک لگانے سے آج انکار کر دیا۔ جسٹس روھنٹن نریمن اور جسٹس اندو ملہوترا کی دو رکنی بنچ نے پروڈیوسر واس بھگنانی کی درخواست کو ردکرتے ہوئے فلم کی ریلیز پر روک لگانے سے انکار کر دیا۔ اب یہ فلم مقررہ شیڈول کے مطابق 3 اگست کو ریلیز ہوگی۔