ہندوستان کی وزارت داخلہ نے پاکستان کے معروف گلوکار عدنان سمیع کے ویزے میں غیر معینہ مدت کیلئے توسیع کر دی ہے۔پی ٹی آئی کے مطابق عدنان سمیع نے مئی کے مہینے میں محکمہ وزارت داخلہ میں درخواست دی تھی کہ ’انسانی بنیادوں‘ پر انہیں قانونی طور ہندوستان میں رہنے کی اجازت دی جائے۔اطلاعات کے مطابق وزارت خارجہ انہیں ہندوستان کی شہریت دینے پر بھی غور کر رہی ہے۔عدنان سمیع نے مئی میں دوسری بارہندوستان کی شہریت کے لیے درخواست دی تھی۔ پہلی بار جب انہوں نے یہ درخواست دی تھی توہندوستانی حکام نے اسے مسترد کردیا تھا۔ہندوستان میں شہریت کے حصول کے قوانین کے مطابق ان غیر ملکی افراد کو شہریت دی جا سکتی ہے جنھوں نے سائنس، ادب، ثقافت، عالمی امن، اور انسانی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہو۔گذشتہ برس اکتوبر میں ان کے ویزا کی مدت ختم ہوگئی تھی لیکن بعد میں اس میں توسیع کر دی گئی تھی۔