عدم رواداری کا دعویٰ جہالت ترک کریں کا مشورہ : آر ایس ایس

جئے پور ۔ 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان دنیا کی سب سے زیادہ روادار قوم ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے آر ایس ایس کے سینئر قائد اندریش کمار نے آج کہا کہ جو لوگ دعویٰ کرتے ہیں کہ ملک میں عدم رواداری پھیل گئی ہے انہیں اپنی جہالت کی غلامی سے نجات حاصل کرنا چاہئے۔ وہ راجستھان یونیورسٹی میں طلبہ کی ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ بعدازاں کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ بعض مصنفین اور فنکاروں نے اپنے ایوارڈس واپس کردیئے ہیں لیکن اب یہی فاضل افراد اپنے فیصلہ سے دستبرداری اختیار کرنا چاہتے ہیں اور اپنے ایوارڈس واپس حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ رواداری کی بہترین مثال ہے۔ لوگ اور کیا جاننا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو چاہئے کہ تعلیم یافتہ بنیں اور قوم کی تبدیلیوں سے واقفیت حاصل کریں۔ انہیں دولت اسلامیہ یا کسی اور دہشت گرد تنظیم کے نظریات سے متاثر ہونے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مثالی شخصیتیں سابق صدر ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام مرحوم ہیں، یعقوب میمن نہیں۔ ہمیں اپنی طرز زندگی میں عبدالکلام کے اصولوں کو اپنانا چاہئے۔ تقریب میں ریاستی صدر بی جے پی اشوک پرنانی، وزیرجنگلات راجکمار رنوا اور جنرل سکریٹری ریاستی اے بی وی پی متھلیش نے بھی مخاطب کیا۔ انہوں نے کہاکہ عبدالکلام جیسی کئی مثالیں شخصیتیں ہمارے ملک میں موجود ہیں۔