نئی دہلی ۔ یکم ، نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ملک میں بڑھتی عدم رواداری کے تعلق سے انفوسیس بانی این آر نارائینا مورتی کی تشویش سے تعلق خاطر کا اظہار کرتے ہوئے ایک اور بزنس لیڈر کرن مجمدار اور ماہر معاشیات لارڈ میگھناد دیسائی نے آج کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کو فوری حرکت میں آتے ہوئے ہندوستان کی امیج کو بہتر بنانا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کاری کو کسی طرح کے خطرات سے بچانے کیلئے مودی کو فوری موثر اقدامات کرنے چاہئیے ۔ کرن مجمدار شاہ نے کہا کہ ملک کے موجودہ ماحول کے بارے میں وہ کافی غمزدہ ہیں ۔ اس کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری کے تعلق سے ایک طرح کی تشویش پائی جاتی ہے ۔ لارڈ میگھناد دیسائی نے کہا کہ ملک اس وقت حکومت کے سیاسی نظریہ میں مکمل تبدیلی کے تجربہ سے گزررہا ہے ۔ اس وقت مسئلہ یہ ہے کہ ایک بالکلیہ الگ اور مختلف نوعیت کا نظریہ کام کررہا ہے یا پھر یہ درحقیقت عدم رواداری ہے ۔