عدلیہ ‘ مقننہ و پارلیمنٹ میں باہمی احترام ضروری

نئی دہلی 15 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس ار ایم لودھا نے آج کہا کہ عدلیہ ‘ پارلیمنٹ اور مقننہ میں ایک دوسرے کیلئے احترام ہونا چاہئے اور کسی کو بھی دوسرے پر اثر انداز ہونے کی کوشش نہیں کرنی چاہئے ۔ واضح رہے کہ ایک دن قبل ہی پارلیمنٹ نے ججس کے تقررات کے سلسلہ میں کالجیم طریقہ کار کو برخواست کردیا تھا ۔ جسٹس لودھا نے سپریم کورٹ کے احاطہ میں ترنگا پرچم لہرانے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ عدلیہ ‘ مقننہ اور پارلیمنٹ میں موجود افراد اتنا شعور ضرور رکھتے ہیں کہ انہیں ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہئے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ ہر ایک کو اس کے اپنے حلقے میں کام کرنے کا موقع رہے اور دوسروں کو اس پر اثر انداز نہیں ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ دستور میں یہ بالکل واضح کردیا گیا ہے کہ مملکت کے تمام ستون اپنے اپنے شعبہ میں دوسروں کے دائرہ کار میں مداخلت کے بغیر کام کرتے رہیں۔ عدلیہ میں ناراضگی کے باوجود پارلیمنٹ میں کل ایک بل منظور کرتے ہوئے ججس کے تقررات کے سلسلہ میں نئے طریقہ کار کو متعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔