نئی دہلی 26اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ نے آج کہا کہ وہ توہین عدالت کی عرضی پر آئندہ ہفتے سماعت کرے گا، جس میں عرضی گزار نے عدلیہ کے خلاف سیاستدانوں اور وکیلوں کے مبینہ اہانت آمیز بیانات پر عدالت عظمی سے ہدایت کی درخواست کی گئی ہے ۔ سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کے رکن وکیل گورو بھاٹیہ نے سپریم کورٹ میں آج اس معاملے کو اٹھایا۔ انہوں نے عدالت سے کہا کہ متعدد سیاستداں اور وکلاء مبینہ طورپر عدلیہ کے خلاف اہانت آمیز تبصرے اور بیانات دے رہے ہیں۔ اس پر سپریم کورٹ نے کہا کہ وہ اس معاملے پر آئندہ ہفتہ سماعت کرے گا۔ اس معاملے پر چیف جسٹس دیپک مشرا کی صدارت میں جسٹس اے ایم کھانویلکر اور جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ کی سہ رکنی بنچ سماعت کرے گی۔ مسٹر گورو بھاٹیہ نے عدالت سے کہا کہ ان افراد کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع ہونی چاہئے جنہوں نے عدلیہ کے خلاف اہانت آمیز بیانات اور تبصرے کئے ہیں اور ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی جائے ۔