عدم رواداری کے مسئلہ پر اداکار اور ان کی اہلیہ کے ریمارک کے خلاف کارروائی
مظفرپور (بہار)۔ 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) فلم اداکار عامرخان اور ان کی اہلیہ کرن راؤ کے خلاف آج یہاں کی ایک عدالت میں شکایت درج کروائی گئی ہے اور ان پر عدم رواداری کے بارے میں ریمارک کو غداری کے مترادف قرار دیتے ہوئے مختلف دفعات عائد کئے گئے ہیں۔ ایڈوکیٹ سدھیر کمار اوجھا نے کورٹ آف چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ سشماترویدی کے اجلاس میں یہ شکایت درج کرائی ہے۔ عدالت نے اس معاملہ کی سماعت کی تاریخ یکم ؍ ڈسمبر مقرر کی ہے۔ اوجھا نے اپنی شکایت میں کہا کہ عامرخان کے ریمارکس سے انہیں دلی تکلیف پہنچی ہے اور وہ خود کو دکھی محسوس کررہے ہیں۔ یہ شکایت تعزیرات ہند کی دفعات 153(A)(B) اور 124(A) ، 153(A) کے تحت درج کی گئی ہے۔ یہ تمام دفعات مذہب، نسل، جائے پیدائش، رہائش، زبان کی بنیاد پر مختلف گروپ کے درمیان نفرت اور دشمنی کو فروغ دینے کے خلاف کارروائی کرنے کیلئے ہیں۔ 153(B) دفعہ کا تعلق قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کے ارادے اور دفعہ 124(A) کا تعلق غداری سے ہے۔ عامرخان نے یہ ریمارک کرکے خود کو تنازعہ میں گھیر لیا ہے کہ عدم رواداری کے مسئلہ پر وہ اور ان کی اہلیہ کرن راؤ عدم تحفظ کا شکار محسوس کررہے ہیں اور وہ ہندوستان میں زندگی گذارتے ہوئے مستقبل کے بارے میں فکرمند ہیں۔