حیدرآباد 3 اکتوبر (سیاست نیوز)میئر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن بی رام موہن نے نالوں اور جھیلوں پر غیر قانونی تعمیرات ‘ ذخائر کی سطح ‘ بفرزون کی نشاندہی جیسے امور پر اعلی افسروں کے ساتھ میٹنگ منعقد کی ۔ اس میٹنگ میں کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن جناردھن ریڈی کے علاوہ آبپاشی ‘ ریونیو اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے دیگر اعلی افسروں نے شرکت کی ۔ بعد ازاں میئر نے واضح کیا کہ حیدرآباد ہائی کورٹ کے احکام کے بعد پرانی اور خستہ حال عمارتوں کی انہدام کی مہم کے ایک حصہ کو عارضی طور پر ملتوی کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایسی قدیم خستہ حال اور بوسیدہ عمارتیں جن کی پہلے ہی نشاندہی کی جاچکی ہے ، ان کی انہدامی کارروائی کی جارہی ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ غریب افراد جن کی عمارتوں کو منہدم کیا جارہا ہے کو سرکاری اخراجات پر قیام کی سہولت دی جائے گی لیکن ایسے افراد جو متحمل ہیں ان کی جانب سے عمارت کو نشان لگانے کے بعد ان کی عمارت کو منہدم کردیا جائے گا ۔