عثمانیہ یونیورسٹی کے اسکول آف ایجوکیشن کے قیام کا امکان

حیدرآباد 21 فبروری ( آئی این این ) کالج آف ایجوکیشن عثمانیہ یونیورسٹی کی جانب سے وزارت فروغ وسائل انسانی کی اسپانر کردہ پنڈت مدن موہن مالویا قومی مشن برائے ٹیچرس و ٹیچنگ کے تحت اسکول آف ایجوکیشن کا قیام عمل میں لایا جائیگا ۔ یونیورسٹی کو اس سلسلہ میں ایک تجویز پیش کی گئی تھی جس کی یونیورسٹی نے تائید کی ہے ۔ 12 ویں پراجیکٹ منظوری بورڈ کے اجلاس میں یونیورسٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن پروفیسر ٹی مرنالینی نے اس تجویز کی حمایت کی ہے ۔ اسکول آف ایجوکیشن کی سرگرمیوں پر دو مراکز سنٹر فار پری سرویس ٹیچرس اور پروفیشنل ڈیولپمنٹ آف ٹیچرس ایجوکیٹرس اورسنٹر برائے نصابی ریسرچ و تعلیمی ڈیولپمنٹ کے ذریعہ عمل آوری کی جائے گی ۔