عثمانیہ یونیورسٹی کے اسٹاف کالج کیلئے عنقریب نئی عمارت

حیدرآباد 26 فروری (سیاست نیوز) عثمانیہ یونیورسٹی کے یو جی سی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ سنٹر جو اکیڈیمک اسٹاف کالج کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، کیلئے عنقریب عصری تقاضوں سے آراستہ ایک نئی عمارت حاصل ہوجائے گی۔ ایچ آر ڈی سنٹر اِس وقت 70 سالہ قدیم عمارت میں کام کررہا ہے جہاں قبل ازیں 1980 ء میں محکمہ لسانیات کا ادارہ کام کرتا تھا۔ اب یہ عمارت بوسیدگی کا شکار ہورہی ہے۔ نئے کیمپس کا منصوبہ جامعہ عثمانیہ ریلوے اسٹیشن کے قریب بنایا گیا ہے۔ اِس سے دور دراز مقامات سے آنے والے امیدواروں کے لئے آسانی ہوگی۔ عثمانیہ یونیورسٹی کے رجسٹرار گوپال ریڈی نے بتایا کہ ہم نئی عمارت کے لئے مناسب مقام کی نشاندہی کی کوشش کررہے ہیں لیکن تجویز ہے کہ اِس نئی عمارت کو جامعہ عثمانیہ ریلوے اسٹیشن کے قریب تعمیر کیا جائے ۔