جنوری میںتقررات کیلئے وائس چانسلر کا تیقن، تلنگانہ اقلیتی کمیشن نے یونیورسٹی کا دورہ کیا
حیدرآباد۔/29 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن نے عثمانیہ یونیورسٹی کے اردو، عربی اور فارسی شعبہ جات میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ کمیشن کے صدر نشین محمد قمر الدین نے آج عثمانیہ یونیورسٹی کا دورہ کرتے ہوئے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ایس رامچندرم نے کمیشن کو یقین دلایا کہ جنوری میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا عمل مکمل کرلیا جائے گا اور یونیورسٹی گرانٹس کمیشن سے اس سلسلہ میں اجازت حاصل کرلی گئی ہے۔ یونیورسٹی کے اردو، عربی اور فارسی شعبہ جات کو حکام کی جانب سے نظر انداز کئے جانے اور اساتذہ کی کمی کی شکایت پر کمیشن کے صدر نشین نے ایم اے عظیم رکن کمیشن کے ساتھ یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ایس رامچندرم کے علاوہ رجسٹرار پروفیسر سی ایچ گوپال ریڈی، ڈائرکٹر میناریٹی سیل پروفیسر مہ جبین اختر، او ایس ڈی عثمانیہ یونیورسٹی چندر شیکھر پودار، ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹ اردو معید جاوید اور پروفیسر وینکٹیشورلو ڈائرکٹر لیگل سیل نے صدرنشین کا استقبال کیا۔ اردو ڈپارٹمنٹ کے دورہ کے موقع پر صدرنشین نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ عثمانیہ یونیورسٹی جسے اردو کی پہلی یونیورسٹی کا اعزاز حاصل ہے وہاں مستقل اساتذہ کے بجائے کارگذار حیثیت سے کام کرنے والے اساتذہ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ ڈپارٹمنٹ میں ایک پروفیسر اور2 اسسٹنٹ پروفیسر ہیں اور پروفیسر کا عہدہ یونیورسٹی کی جانب سے پُر نہیں کیا گیا جس کے سبب بعض ریٹائرڈ اساتذہ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ وائس چانسلر نے بتایا کہ سپریم کورٹ نے پروفیسر کے تقررات پر پابندی عائد کی تھی لیکن اب مرکزی حکومت نے اس پابندی کو برخواست کردیا ہے۔ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن نے پروفیسرس کے تقررات کی اجازت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عثمانیہ یونیورسٹی جنوری میں اعلامیہ جاری کرتے ہوئے اردو اور دیگر زبانوں کے پروفیسرس کے تقررات عمل میں لائے گی۔ ڈاکٹر انجم النساء جو پارٹ ٹائم لیکچرر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہیں ان کے تقرر کے امکانات ہیں۔ اردو ڈپارٹمنٹ کے ذمہ داروں نے اردو، عربی اور فارسی شعبہ جات میں مزید پروفیسرس کے تقررات کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرنے کمیشن سے خواہش کی۔ اردو میڈیم میں 25 طلبہ ریسرچ اسکالرس کے ہیں۔ عربی میں 25، پی ایچ ڈی فرسٹ ایر میں 23 کرسچن ریسرچ اسکالرس اور 10 کا تعلق پارسی کمیونٹی سے ہے۔ عثمانیہ یونیورسٹی میں کرسچن اور پارسی طلبہ کی بھی قابل لحاظ تعداد موجود ہے۔ اردو میں جملہ 30 نشستیں ہیں جبکہ فارسی میں 25 اور عربی میں 38 نشستیں ہیں۔ وائس چانسلر نے بتایا کہ یونیورسٹی میں جملہ تعداد ایک لاکھ 26 ہزار 553 ہے جن میں مسلم طلبہ کی تعداد 23,101 ہے جبکہ کرسچن طلبہ 1317 ہیں، یونیورسٹی کے جملہ اسٹاف 489 میں مسلم اقلیت سے تعلق رکھنے والے ملازمین کی تعداد 34 ہے۔ صدرنشین کمیشن نے آرٹس کالج کی عمارت کا دورہ کیا اور تینوں زبانوں کیلئے الاٹ کردہ کیمپس کا معائنہ کیا۔ انہوں نے عمارت کی تزئین نو پر توجہ دینے کا مشورہ دیا۔ محمد قمر الدین نے یونیورسٹی کے طلبہ سے بھی بات چیت کی اور تعلیمی اور دیگر سہولتوں کے بارے میں معلومات کیں۔