حیدرآباد۔18مئی ( این ایس ایس ) عثمانیہ یونیورسٹی کے برہم طلبہ نے آج تلنگانہ سکریٹریٹ میں اچانک زبردستی داخلے کے ذریعہ سب کو حیرت میں ڈال دیا اوردھرنا منظم کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ عثمانیہ یونیورسٹی کی اراضی کو گھروں کی تعمیر کیلئے الاٹ کرنے کی تجویز سے دستبردار ہوجائے۔ تاہم پولیس نے بروقت وہاں پہنچ کر احتجاجی طلبہ کو منتشر کردیا ۔ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب چیف منسٹر اور دیگر کئی وزراء سوچھ حیدرآباد پروگرام میں حصہ لینے کیلئے متعلقہ علاقوں کے دورہ پر تھے ۔ یہ تنازعہ اس وقت پیدا ہو جب چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پارسی گٹہ میں سوچھ حیدرآباد پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ وہ عثمانیہ یونیورسٹی کی 11ایکر اراضی حاصل کرتے ہوئے وہاں پارسی گٹہ میں رہنے والے غریب افراد کیلئے گھر تعمیر کئے جائیں گے ۔ان کے اس اعلان پر عثمانیہ یونیورسٹی طلبہ کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں نے بھی سخت برہمی کا اعلان کیا ہے ۔