اشتعال انگیز بیان پر طلبہ کی شکایت، راجہ سنگھ کے خلاف مقدمہ درج
حیدرآباد ۔ یکم ڈسمبر (پی ٹی آئی)عثمانیہ یونیورسٹی کیمپس میں 10 ڈسمبر کو منعقد شدنی ’’بیف فیسٹول‘‘ کے بارے میں مبینہ اشتعال انگیز بیان دینے پر بی جے پی کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ کے خلاف آج ایک مقدمہ درج کرلیا گیا ۔ عثمانیہ یونیورسٹی پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر وی اشوک نے کہا کہ ’’بائیں بازو (کمیونسٹ) تنظیموں سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے گوشہ محل کے بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کے خلاف شکایت درج کرواتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ نفرت پرمبنی تقاریر کے ذریعہ عوام کے ایک طبقہ کو دوسرے کے خلاف اکساتے ہوئے نقص امن پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں‘‘۔ انسپکٹر نے مزید کہا کہ شکایات کی بنیاد پر راجہ سنگھ کے خلاف ہندوستانی ضابطہ قانون کی دفعہ 505 (عوام میں شر پھیلانے پر مبنی بیانات) کے تحت ایک مقدمہ درج کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ شکایات کی تحقیقات کی جائیں گی اور شکایت کنندگان کے بیانات قلمبند کئے جائیں گے ۔ بائیں بازو کی (کمیونسٹ) تنظیموں سے وابستہ طلبہ نے عثمانیہ یونیورسٹی کیمپس میں 10 ڈسمبر کو ’’بیف فیسٹول‘‘ منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔