عثمانیہ یونیورسٹی میں 100کروڑ کے مصارف سے عمارتوں کی تعمیر کا فیصلہ

حیدرآباد ۔ 27اگست ( سیاست نیوز) عثمانیہ یونیورسٹی حیدرآباد کو دنیا بھر میں ایک خصوصی شناخت و منفرد مقام و موقف حاصل ہے ۔ وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر ایس رامچندرم نے اخباری نمائندوں سے غیر رسمی باتچیت کرتے ہوئے یہ بات کہی اور بتایا کہ عثمانیہ یونیورسٹی کے لاکھوں طلبہ آج نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرونی ممالک میں اپنی گرانقدر خدمات کے ذریعہ مختلف شعبوں میں اپناخصوصی مقام رکھتے ہیں ۔ وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی نے کہا کہ عثمانیہ یونیورسٹی کیمپس میں 100کروڑ روپیوں کے مصارف سے عالیشان عمارتیں تعمیر کر کے طلبہ کو بہتر تعلیمی سہولتیں فراہم کی جائیں گی جبکہ عثمانیہ یونیورسٹی اولڈ اسٹوڈنٹس اسوسی ایشن اور عثمانیہ یونیورسٹی اساتذہ کے اسوسی ایشن کی جانب سے 100مواضعات کو اپناتے ہوئے طلبہ کو آگے آنے کا موقع فراہم کرنے کی کوششیں کی جائیں گی ۔ پروفیسر ایس رامچندرم نے مزید کہاکہ ان کے آبائی مقام گمرم پوڈ منڈل ( ضلع نلگنڈہ ) کے موضع ساملونی باوی کا بھی انتخاب کیا گیا ۔ اس موقع پر وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی کے ہمراہ پرنسپل عثمانیہ یونیورسٹی لائکالج این وینکٹیشورلو و دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔